بلوچستان فارمسسٹ کے مسائل جلد حل کیے جائیں – ڈاکٹر نواب بلوچ

289

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ نے بلوچ ڈاکٹر فورم کے آرگنائزر ڈاکٹر دلدار بلوچ کے ساتھ بلوچستان فارمسسٹ الائنس کے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا۔

اس دوران ڈاکٹر نواب بلوچ نے کیمپ میں بیٹھے ہوئے لوگوں اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری صوبے میں روز اول سے بدقسمتی یہی ہے کہ جب تک ہم اپنے روزگار کے حصول کیلئے یا تعلیمی اداروں کو فعال کرنے کے حوالے روڑوں پر نہیں نکلیں گے تب تک ہماری بات کوئی نہیں سنے گا۔

آج کل المیہ یہاں تک پہنچ چکا ہے کہ صرف احتجاجی مظاہرہ، پریس کانفرنسز، بھوک ہڑتالی کیمپ سے کچھ نہیں ہوگا تب تک آپ تادم مرگ بھوک ہڑتال پر نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بحیثیت طلبہ آرگنائزیشن ہم ہر اس عمل کی حمایت کرتے ہیں جو نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے ہو اور ہر اس عمل کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے جو طلبہ اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کو تاریکی میں دھکیلنے کے مترادف ہو۔

ہم بلوچستان فارمسسٹ الائنس کے دوستوں کے اس جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ وہ صرف اپنے لیے جدوجہد نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ آنے والے نسل کیلئے آواز بلند کر کے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم صوبائی حکومت کو قطعاً یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ اپنے غلط پالیسیوں کی وجہ سے نوجوانوں کے مستقبل کو داؤ پر لگائے لہٰذا صوبائی حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان فارمسسٹ الائنس کے مطالبات کو مان کر ان کے مسائل جلد از جلد حل کرے۔