بچے کے جانبحق ہونے کے بعد ڈاکٹر کلینک بند کرکے فرار ہوگیا۔
ٹی بی پی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے دکی میں عطائی ڈاکٹر کے انجکشن لگنے سے 2 سالہ بچہ جانبحق ہوگیا۔ ملزم کلینک بند کرکے فرار ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر دکی نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دکی میں مشرقی بائی پاس پر واقع عطائی ڈاکٹر سید نور کے کلینک میں عبیداللہ ناصر کے دوسالہ بچے کو انجکشن لگایا گیا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔
بچے کے والد کے مطابق بچے کی طبیعت بگڑنے پر اس کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچہ دم توڑ گیا،والد نے بتایا کہ بچے کو پیٹ میں درد ہونے پر عطائی ڈاکٹر کےکلینک میں لایا گیا تھا۔
ایم ایس سول ہسپتال دکی ڈاکٹرجوہر خان شادوزئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کو سول ہسپتال دکی لایا گیا جہاں اس نے طبعیت زیادہ خراب ہونے پر دم توڑ دیا۔
بچے کی موت کی اطلاع ملتے ہی عطائی ڈاکٹر کلینک بند کرکے فرار ہوگیا۔
ڈی سی دکی قربان علی مگسی نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی ایچ او دکی اور ایم ایس سول ہسپتال سے واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ طلب کرلی۔