بلوچستان یونیورسٹی ایک کنسنٹریشن کیمپ کا نقشہ پیش کررہا ہے – ڈاکٹر حئی

241

نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ حالیہ بلوچستان یونیورسٹی اور اس کے ویڈیو اسکینڈل کے منظر عام آنے کے بعد ژوب سے لیکر گوادر تک محنت کش عوام اور والدین، طلباء برادری، دانشوروں اور سیاسی کارکنوں میں شدید غم وغصہ اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور افسوسناک اور شرمناک واقعات میں ملوث تمام افراد کو قرار واقعی عبرتناک سزاء دی جائے ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں تمام سیاسی جماعتوں اور طلباء تنظیموں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، جب سے حکمران قوت بلوچستان میں ریاستی طاقت استعمال کررہی ہے یہاں کے محنت کش عوام اور باشعور شہریوں کا ننگ و ناموس و چادر چاردیواری کا تقدس بلوچستان یونیورسٹی سمیت ہرجگہ پامال ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ادارے سمیت بلوچستان یونیورسٹی تمام بڑے تعلیمی اداروں میں یہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی قوتوں کے مداخلت انتظامیہ میں واضح نظر آرہی ہے طلباء تنظیموں اور یونین سازی پر کافی عرصے سے مکمل پابندی ہے سب سے بڑی تعلیمی ادارہ بلوچستان یونیورسٹی ایک کنسنٹریشن کیمپ کا نقشہ پیش کررہا ہے سیکورٹی کے نام پر فورسز کی موجودگی پر طلباء وطالبات پر خوف و ہراس کا ماحول پایا جاتا ہے۔

تعلیمی سرگرمیوں کے علاقہ باقی تمام سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے ایسے مخدوش اور گھٹن کے ماحول پر کیا ریسرچ اور طلباء اور طالبات کے تخلیقی صلاحیتوں پر کیسے پروان چھڑایا جاسکے گا اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے دنیا بھر میں آزادانہ ماحول میں نہ صرف تھنک ٹینک اور ریسرچ کر کے اپنے ممالک کے سیاسی، معاشی اور ثقافتی سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں قائدانہ اور رہبرانہ رول ادا کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں آزادانہ ماحول تو بہت دوری کی بات ہے یہاں ہر طرح کی سوچ اور سیاسی وسماجی شعور پرتالے لگے ہوئے ہیں۔

آخر میں انہوں نے ویڈیول اسکینڈل کے ذریعے طلباء اور طالبات میں ہراسگی اور بلیک میلنگ جیسے تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی طور پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ تمام حقائق عوام کے سامنے منظر عام پر آسکیں۔ آئندہ اس طرح کے دلخراش اور شرمناک واقعات کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور طلباء تنظیموں اور قوم پرست جمہوری محنت کش عوام کو اپنے اقتدار اعلیٰ سمیت طلباء تنظیموں اور یونین سازی پر تمام پابندیوں کا مکمل طور پر ختم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ ہمیشہ کیلئے غیر جمہوری، غیر سیاسی قوتوں کا راستہ روکنے میں کامیاب ہوسکیں۔