آواران سے بازیاب ہونے والے افراد کا شدید تشدد کے باعث دماغی توازن خراب ہوچکا ہے۔
بلوچستان کے ضلع آواران اور کیچ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے باپ بیٹے سمیت تین افراد بازیاب ہوگئے۔
آواران کے تحصیل مشکے سے فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے عزیز ولد اللہ داد اور ان کے بیٹے شوہاز ولد عزیز سکنہ اوگار وادی مشکے کل بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس سے ان کی دماغی توازن خراب ہوچکی ہے جبکہ تشدد کی وجہ سے سخت کمزور بھی ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی فورسز نے7 اگست 2019 کو ان افراد کو مشکے کے علاقے اوگار سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا تھا۔
دریں اثناء ضلع کیچ سے دو سال قبل فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والا نثار ولد پیر بخش سکنہ کروس تنک دشت بازیاب ہو کر گھر پہنچ گیا ہے۔