کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام رہنماء کے قتل کے خلاف شٹرڈاون ہڑتال

342

جمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء مولانا محمد حنیف کے قتل کے خلاف کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا گیا، ہڑتال کے موقع پر دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہیں۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنماء مولانا محمد حنیف کے قتل کے خلاف جے یو آئی نے آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی ، اسی کال پر آج کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

ہڑتال کے موقع پر بیشتر دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہیں، جبکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم رہی۔

دوسری جانب چمن دھماکے کے بعد کوئٹہ میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، مختلف شاہراہوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، چیکنگ اور گشت جاری ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز چمن میں موٹر سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں جے یوآئی ف کے رہنماء مولانا محمد حنیف سمیت3 افراد جانبحق  اور 17 زخمی ہوئے تھے۔