پنجاب یونیورسٹی کے بعد کراچی یونیورسٹی میں بلوچ طلباء پر تشدد

235

اختر مینگل کا تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ

کراچی سر سید یونیورسٹی میں ڈنڈا بردار گروپ کا بلوچ کونسل سرسید یونیورسٹی کے طالب علم نثار بگٹی پر تشدد، مسلح افراد نے بلوچ طالب علم کو زدوکوب کرکے زخمی کردیا اور موقعے سے فرار ہوگئے۔

تعلیمی اداروں میں بلوچ طلباء پر تشدد کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ طلباء سمیت دیگر طالب علموں نے واقعات کے خلاف ایکشن لینے اور طلباء کونسلز کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے گذشتہ روز جماعت اسلامی کے طلباء ونگ کی جانب سے بلوچ کونسل پنجاب یونیورسٹی کے دو رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقع پیش آیا تھا۔

واقعے کے خلاف گذشتہ روز کوئٹہ میں مظاہرہ کیا گیا جبکہ سماجی و سیاسی حلقوں کی جانب سے بلوچ طلباء پر تشدد کے واقعات کی مذمت کی جارہی ہے۔

دریں اثنا بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما سردار اختر مینگل نے مذکورہ واقعات کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس عمل کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان طلبا کے خلاف ایکشن لینا چاہیے جو کسی مخصوص گروہ کے خلاف ان واقعات میں ملوث ہیں۔