شمالی وزیرستان میں دھماکا، 2 فورسز اہلکار زخمی

235

خیبرپختونخواہ کے ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں دو فورسز اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے تحصیل میر علی کے علاقے موسکی میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں دو فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد دینے کے لیے ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

دریں اثنا شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بیت اللہ نامی شخص ہلاک ہوگیا، واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔