سراج رئیسانی پر حملے کے دوران بھارتی جاسوس مستونگ میں موجود تھے – پاکستان کا الزام

327

پاکستان کا دو بھارتی جاسوسوں کے سراغ لگانے کا دعویٰ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ مستونگ دھماکے میں ملوث دو بھارتی جاسوسوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ حکام نے الزام عائد کیا کہ سوامی آسیم آنند اور گوبند پارٹ ایران سے بلوچستان آئے اور مستونگ میں دہشت گردی کرائی۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق بھارتی جاسوسوں کی شناختی و تفصیلات ایران اور افغانستان کو بھیج دی گئی ہیں۔

ذرائع وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سوامی آسیم آنند اور گوبند پارٹ ایران سے بلوچستان آئے اور مستونگ میں دہشت گردی کرائی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس 13 جولائی کو مستونگ میں دہشت گردی کے حملے میں ملوث ہیں اور یہ جاسوس دہشت گردی کی واردات کے بعد افغانستان فرار ہوگئے تھے۔

ذرائع وزرات داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کے حوالے افغانستان اور ایران کو خطوط لکھ دیے ہیں۔

یاد رہے گذشتہ سال 13 جولائی کو عام انتخابات کے موقعے پر بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں ایک جلسے کو خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے پی بی 35 کے امیدوار اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان  نواب اسلم رئیسانی کے بھائی سراج رئیسانی سمیت 129 افراد ہلاک جبکہ 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔