بلوچستان: مختلف واقعات میں 2 افراد جانبحق، 8 زخمی

82

واقعات کوئٹہ، سبی، ڈیرہ بگٹی، دکی اور نوکنڈی میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں مجموعی طور پر بچے سمیت 2 افراد جانبحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عدنان نامی نوجوان کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ موٹر سائیکل چھیننے کے دوران پیش آیا، تاہم پولیس ملزمان کی تلاش کررہی ہے۔

 نوکنڈی میں ٹرک اور پک اپ گاڑی میں تصادم کے باعث پک اپ گاڑی میں موجود تین افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل منتقل کردیا گیا۔

ایک اور واقعے میں ڈیرہ بگٹی کے تحصیل سوئی کے علاقے آسریلی میں دوران مزدوری بجلی کی کرنٹ لگنے سے دو افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو پی پی ایل ہسپتال سوئی منتقل کیا جارہا تھا کہ زخمی ہونے والا مقامی نوجوان محنت کش مری خان دیناری بگٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دوسرے شخص کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

سبی کے علاقے دین گڑھ میں دوسالہ بچہ محمد حسن ولد عبدالقیوم گھر کے سامنے کھیلتے ہوئے ندی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔

دریں اثناء ضلع دکی کے مقامی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے تین کانکن زخمی ہوگئے۔ جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے میں زخمی ہونے والے کانکنوں میں محمد طاہر، سید جمال اور محمد یونس شامل ہیں۔ تینوں زخمیوں کو سول ہسپتال دکی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔