ایران و حزب اللہ کا گھیرا تنگ کرنے کی پالیسی جاری رہے گی – امریکہ

87
 امریکی وزارت خزانہ کے سکریٹری مارشل بلنگسلی نے کہا ہے کہ امریکہ حزب اللہ ، ایران کی قدس فورس اور ایرانی حکومت کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیےکوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر انتہائی مالی اور معاشی دباؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، حزب اللہ پرامریکی پابندیوں کے اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔ امریکی وزارت خزانہ نے لبنانی ملیشیا کے مالیاتی نیٹ ورک کو ختم کرنے میں مدد کرنے والوں کے لئے مالی انعامات مقرر کیے ہیں۔

 واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب وزیر خزانہ نے کہا کہ حزب اللہ کو جنوبی امریکا کے منشیات کے کاروبار سے پیسہ ملتا ہے اور منی لانڈرنگ کے ذریعہ یہ رقم وصول کی جاتی ہے۔ جنوبی امریکی ملکوں میں حزب اللہ کے مقرب افراد اور کمپنیاں رقوم بھیجتی ہیں جو خود کش بمباروں کے اہل خانہ کی کفالت پر صرف کی جاتی ہے۔

امریکی عہدیدار نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ “لبنان کا سینٹرل بینک حزب اللہ کے اقدامات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور بنک کے گورنر حزب اللہ ملیشیا کے اقدامات سے بہت زیادہ دباؤ میں ہیں”۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ “جمال ٹرسٹ بینک کے توسط سے حزب اللہ کو مالی اعانت فراہم کی جارہی تھی اس پر حال ہی میں واشنگٹن نے اقتصادی پابندیاں عاید کر دیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حزب اللہ سیاسی اتحادوں کے ذریعہ لبنانی حکومت پر خود کو مسلط کرنے میں کامیاب رہی۔