شمالی وزیرستان بم دھماکے میں فورسز اہلکار ہلاک، 5 زخمی

541

خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تین بم دھماکوں میں فورسز کا ایک اہلکار ہلاک اور پانچ اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل سپن وام میں بم ڈسپوزل سکواڈ کی سرچنگ کررہی تھی کہ اس دوران سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں یونس نامی اہلکار ہلاک جبکہ صوبیدار زبیر، صاحب، مسلم، رحمت اور عمر نواز زخمی ہوگئے۔

عسکری حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے فورسز اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دریں اثنا شمالی وزیرستان کے علاقے محمد خیل میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔

واضح رہے اس سے قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔