حکمران شہید صحافیوں کے پسماندگان کے مسائل حل کریں – بی یو جے

138

سینئرصحافی رہنماؤں نے شہیدصحافیوں کے ورثاسے حکومتی وعدوں پرعملدرآمدنہ ہونے پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شہیدصحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کویقینی بناتے ہوئے شہداکے ورثاء کوروزگاراوراعلان کردہ مالی معاونت فراہم کرتے ہوئے ان کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کابندوبست کرے۔ان خیالات کااظہار بی یوجے کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں شہداصحافت کے دن کے موقع پرمنعقدہ تعزیتی ریفرنس سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدرایوب ترین، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سینئرنائب صدرسلیم شاہد،کوئٹہ پریس کلب کے صدررضاالرحمن،سینئرصحافی سیدعلی شاہ اوربی یوجے کے جنرل سیکرٹری رشید بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع صحافی عابدمیر، حبیب اللہ،ڈاکٹرلعل خان ودیگرنے بھی تعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی رہنماؤں نے شہداصحافت کوانکی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاوضوں کی ادائیگی یقیناانسانی جانوں کانعم البدل نہیں تاہم حکومت وقت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ شہداکے لواحقین سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ان سے کئے گئے وعدوں کوعملی جامہ پہنائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب اوربلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے اداروں سے آج تک جتنا بن سکا شہداکے خاندانوں کی ہرممکن معاونت کی ہے اورآئندہ بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ اس شعبے سے منسلک تمام صحافی ایک خاندان کی مانندہیں شہداکی جدائی کاجتنا صدمہ ان کے اہلخانہ کو ہے اتنا ہی ہمیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدانے اپنی ساری زندگی اس شعبے سے منسلک ہوکر گزاری ہے حکمرانوں کوچاہئے کہ وہ ان شہداکے پسماندگان سے اظہا ریکجہتی کے طورپران سے مل کران کے مسائل کے تدارک کیلئے بروقت عملی اقدامات اٹھائے،حکومتوں نے سانحہ 8اگست میں شہیدہونے والے صحافیوں کے ورثاء کو روزگار فراہم کرنے کاوعدہ کیاتھاانہیں روزگار توفراہم کیا لیکن اب تک انہیں مستقل نہیں کیاگیاہے،شہداکے بچے تعلیم کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں ان کیلئے مفت تعلیم کابندوبست کرنا حکومت وقت اورریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ صحافیوں کیلئے زیرالتواہاسنگ اسکیم کی منظوری ہوتے ہی شہید صحافیوں کے اہلخانہ کوبھی گھر فراہم کئے جائیں گے۔ شہید کے اہلخانہ کی مالی معاونت کیلئے کوئٹہ پریس کلب نے شہداء ٹرسٹ قائم کیا ہے،انہوں نے کہا کہ شہداکے پسماندگا ن کے مسائل کاحل کوئٹہ پریس کلب اوربلوچستان یونین جرنلسٹس کی اولین ترجیح ہے اورہرسال یوم شہداپرتعزیتی ریفرنس منعقد کرنے کامقصد شہدا صحافت کو انکی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرکے ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں برور کرنا ہے کہ ہم اپنے شہید ساتھیوں کو نہیں بھولے ہیں۔