بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بولان میڈیکل یونیورسٹی ہاسٹل میں الاٹمنٹ کے نام پر شعبدہ بازی صرف بلوچ طلباء پر طاقت کے استعمال کے لئے جواز پیدا کرنے کی ناکام سازشوں کا حصہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہاسٹل میں طلباء تنظیموں کا اعتماد میں لئے بغیر الاٹمنٹ کا واویلا طلباء سیاست پر پابندی کا تسلسل ہے، بولان میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل کو طلباء تنظیم آپس میں مشاورت کرکے طلباء کو باہمی رضامندی سے تمام مسائل حل کررہے تھے سینئر اور جونئیر کا احترام اور طریقہ کار واضح تھا لیکن اب سازش کے تحت طلباء کو ہاسٹل الاٹمنٹ کے نام پر ایک دوسرے کے سامنے لانے کی ناکام سازش کی جارہی ہے تاکہ طلباء تنظیموں کو بدنام کرکے تعلیمی اداروں میں سیاسی شعوری عمل کا راستہ روکا جاسکے ۔
ترجمان نے کہا کہ بی ایس او طلباء تنظیموں کے مشاورت کے بغیر ہاسٹل الاٹمنٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے یونیورسٹی ہاسٹل میں آوٹ سائیڈرز کا واویلا اور طلباء پر الزامات وائس چانسلر کرسی کو تحفظ دینے کے لئے جبکہ مالی مشکلات کا رونا صرف کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بولان میڈیکل ہاسٹل کی بندش سے طلباء کا تعلیمی عمل متاثر ہورہا ہے اگر جلد از جلد مسائل حل نہیں کئے گئے تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی ۔