کراچی :شدید بارش کے باعث 9 افراد جانبحق

188

سندھ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی مون سون کی پہلی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کراچی میں بجلی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوا جبکہ بارش کے باعث 9 شہری جانبحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کی حاضری کم رہی جبکہ دفاتر اور کام پر جانے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، کئی علاقوں میں گھروں کے اندر سیوریج کا پانی داخل ہوگیا جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 21، لانڈھی میں 12 اور کیماڑی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمے کے مطابق کراچی میں جناح ٹرمینل کے اطراف میں 35ملی میٹر، موسمیات میں 34 ملی میٹر، مسرور بیس میں 32 ملی میٹر، ناظم آبادمیں 39، ایئرپورٹ کےعلاقےمیں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں سرجانی میں 50ملی میٹر، فیصل بیس میں 45 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 42 ملی میٹر اور سب سے زیادہ 60 ملی میٹربارش صدرمیں ریکارڈ کی گئی۔