ڈی جی خان: پانی کے تنازعے پر فائرنگ،7 افراد قتل

346

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گاوں منگل میں پانی کے تنازعے پر دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں، دو طرفہ فائرنگ سے سات افراد جاں بحق، جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی شموزٸی کے گاٶں منگل میں دو گروپوں میں کافی عرصے سے پانی کے مسئلے پر تنازعہ چلا آرہا تھا۔ اتوار کے روز فریقین میں زرعی پانی پر تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔

دونوں جانب سے تنازعے پر معمولی تکرار فائرنگ تک جا پہنچی، جس سے سات افراد جاں بحق، جب کہ تین زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں حاجی پیرزادہ گروپ اور حکیم شاہ گروپ کے افراد شامل ہیں۔

لاشوں کو ضروری کارروائی، جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت زاہد، جمال، طاہر، حبیب اللہ، عصمت اللہ، احمد شاہ اور عبدالطیف کے ناموں سے کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کے نام شاہد، حاجی سلیم اور قیوم بتائے گئے ہیں۔

مرنے والوں میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول برآمد کرلیے۔ تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔