سلیکٹڈ حکومت نے ملک میں آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ سیاسی جماعتوں اور سیاسی قاہدین کو احتساب کے نام بلاجواز گرفتار کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے – رہنماء نیشنل پارٹی
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینٹر میر طاہر بزنجو نے نے کہا ہے کہ جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی منفی پالیسی نے ملک کو سیاسی معاشی اور سماجی عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انتخابات کی شفافیت پر اثر انداز ہوکر غیر جمہوری نمائندے اور جماعتیں سلیکٹ کرنا اور آزادی حق رائے دہی کو سلب کرنا ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔ 25 جولائی کو کوئٹہ کا جلسہ جمہوریت کی حقیقی روپ کے حصول میں اہم کردار اداکریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے سینٹر میر طاہر بزنجو کو جلسے کی تیاریوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک میں آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ سیاسی جماعتوں اور سیاسی قاہدین کو احتساب کے نام بلاجواز گرفتار کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ میڈیا کی آزادی کو سلب کیا جارہا ہے، ملک اور عوام آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہے۔ جس نے نااہل حکومت کے ذریعے مہنگائی کا طوفان کھڑا کیا ہے معیشت کو تباہ و برباد کیا گیا ہے اور عوام پر ٹیکس پر ٹیکس کا عذاب ڈھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں حکومت کی نااہلی و عوام دشمن اقدامات، دھاندلی زدہ انتخابات اور جمہوریت کی بقاء کے لئے 25 جولائی کو چاروں ہیڈ کوارٹرز میں یوم سیاہ اور احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا ہے۔