راولپنڈی: پاکستان آرمی کا طیارہ گر تباہ 17 افراد ہلاک

270

پاکستان آرمی کا طیارہ راولپنڈی کے علاقے موراکالو میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک  ہوگئے جن میں 2 فوجی افسران سمیت عملے کے 5 افراد بھی شامل ہیں۔

 پاکستان آرمی  کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ حادثے کا شکار ہوا اور راولپنڈی میں شہری آبادی والے علاقے مورا کالو میں گر گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے کے حادثے میں 2 پائلیٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار ہلاک  ہوگئے۔

واقعے کے حوالے سے حاصل تفصیلات کے مطابق طیارے کو حادثہ صبح صادق کے بعد 4 بجکر 54 منٹ پر پیش آیا۔

آرمی کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ طیارہ رہائشی علاقے میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 12 شہری بھی ہلاک جبکہ دیگر 12 زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد  فوج کی امدادی ٹیموں اور ریسکیو 1122 کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور طیارے کے حادثے میں ہونے والی آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جبکہ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے افسران میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب (پائلیٹ) اور لیفٹیننٹ کرنل وسیم (پائلیٹ)، نائب صوبیدار افضل، حوالدارابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔