بلوچستان کے علاقے دکی میں پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے میں ایک کانکن جانبحق ہوگیا۔
حادثہ مقامی کوئلہ کان میں پیش آیا جہاں مٹی کا تودہ گرنے سے کانکن عصمت اللہ ولد زکریا الکوزئی سکنہ افغانستان جانبحق ہوگیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق جانبحق کانکن کی لاش کو کوئلہ کان سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے ۔
بلوچستان میں کوئلہ کانوں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے سبب اکثر اوقات حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں کانکن جانبحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
رواں ماہ تین حادثات میں دس کے قریب کانکن جانبحق ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کوئٹہ، بولان، ہرنائی، لورالائی اور دکی سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں کوئلے کے 256ملین ٹن کے زائد ذخائر موجود ہیں۔
پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری لالہ سلطان خان کے مطابق کوئلہ کی کان کنی کے شعبے سے بلوچستان میں ایک لاکھ سے زائد مزدور وابستہ ہیں، تاہم مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں کان کن مختلف حادثات میں جانبحق ہو جاتے ہیں ۔