امریکہ نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کےلئے 12 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

154

امریکہ نے  پاکستان کے جنگی طیاروں ایف 16 کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالرز اور بھارت کے ٹرانسپورٹ طیاروں سی۔ 17 کے لیے 67 کروڑ ڈالرز کی منظوری دے دی۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی ایشیا کے دو حریف ممالک کو امریکی ساختہ طیاروں کے لیے امداد کی منظوری دفترخارجہ نے دی، جس کا اعلان امریکی دفاعی سلامتی تعاون کے ادارے نے کیا۔

امریکہ کی جانب سے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے چند روز بعد کیا گیا۔

پاکستان کے لیے امداد کی منظوری کے اعلان میں کہا گیا کہ اس طرح ’امریکی عملے کی جانب سے مسلسل نگرانی کرکے امریکی ٹیکنالوجی کو تحفظ‘ فراہم کرنے کی امریکی خارجہ اور قومی سلامتی کی پالیسی کو تقویت ملے گی۔

دوسری جانب، امریکی دفاعی سلامتی تعاون کے ادارے نے کہا کہ بھارت نے بوئنگ سی۔ 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے فاضل پرزہ جات اور آزمائشی آلات کے لیے کہا تھا۔ اس کی جانب سے دوسرے معاملات سمیت عملے کی تربیت کی درخواست بھی کی گئی۔ اس تمام پیکیج کے اخراجات کا تخمینہ 67 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے۔

امریکی ادارے نے کہا:’بھارت کو علاقے میں کسی بھی آفت کی صورت میں امدادی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کے لیے امریکی امداد کی ضرورت ہے۔امریکی معاونت کو اپنی مسلح افواج کا حصہ بنانے میں بھارت کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی‘۔

امریکی دفترخارجہ اور دفاعی سلامتی تعاون کے ادارے کے بیانات میں مزید کہا گیا ہے کہ آلات اور معاونت کی مجوزہ فراہمی سے علاقے میں فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔