ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

117

ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی۔

ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے 381 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹوں‌ پر 333 رنز بناسکی، ڈیوڈ وارنر کو شاندار 166 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، سومیا سرکار 10 رنز بنا کر فنچ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

شکیب الحسن بھی 41 رنز پر مارک اسٹونس کی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔ تمیم اقبال کو 62 رنز پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا، محمود اللہ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، لٹن داس 20 اور صابر رحمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مہدی حسن 6 رنز بنا کر اسٹارک کا نشانہ بنے، وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے 97 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کے کولٹرنائل، اسٹونس اور مچل اسٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایڈم زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 382 رنز کا ہدف دیا، سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنایا، کینگروز کی پہلی وکٹ 121 رنز پر گری، ایرون فنچ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان خواجہ نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر ڈیوڈ وارنر نے دھواں دھار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 147 گیندوں پر 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ اسٹونس 6 اور ایلکس کیری 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بنگلہ دیش کے سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں، مستفیض الرحمان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی