خلیج اومان میں امریکی بحریہ کے دو تیل بردار جہازوں پر حملہ
خلیج اومان میں مشکوک حملوں میں دو تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، دونوں امریکی بحریہ ففتھ فلیٹ کا حصہ ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق عملے کو حفاظت سے باہر نکال لیا گیا ہے، بحری جہاز متحدہ عرب امارات سے تیل لے کر سنگاپور جا رہے تھے۔
امریکی بحریہ نے خلیج عمان میں جہازوں پر حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم آپریشنز، جو کہ برطانوی نیوی کا حصہ ہے، نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ ایران کشیدگی، تصادم کا خدشہ برقرار ہے: جاپان کا انتباہ
اس واقعے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خلیج میں وقوع پذیر ہونے والا واقعہ حالیہ ایران امریکہ کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت و احتیاط کا متقاضی ہے۔ 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کے ساحل سے تیل لے کر جانے والے آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے کا نشانہ دو سعودی، ایک اماراتی اورایک نارویجین آئل ٹینکر بنے تھے۔ خلیج میں پہلے سے موجود کشیدگی میں اس حملے کے بعد سے مزید اضافہ ہو گیا ہے۔