بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے ووٹ دینے پر کوئٹہ سٹی کے شہریوں کامشکور ہوں بالادست طبقے نے میرے موقف اور سیاسی جدوجہد کا راستہ روکنے کیلئے قومی اسمبلی کے اس حلقے سے عوام کو نمائندگی سے محروم کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر عوام نے رنگ نسل و طبقہ سے بالاتر ہوکر نہ صرف مجھے بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر اپنے اعتماد کا اظہار کیا بلکہ اپنی شعوری جدوجہد کے ذریعے میری انتخابی مہم کو بھی کامیاب بنایا جس پر میں انکا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بالادست طبقے نے میر ے موقف اور سیاسی جدوجہد کا راستہ روک کر قومی اسمبلی کی اس نشست سے عوام کو نمائندگی سے محروم رکھنے کیلئے ایک ایسے شخص کو جعل سازی سے کامیاب کرایا جس کا تعلق صوبہ کی جدوجہد سے کبھی نہیں رہا اس کو کامیاب کرانے کا مقصد بلوچستان کے مسائل پر پردہ ڈال کر بلوچستان کے حقوق کی آواز کو دبانا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اپنے ووٹرز کے حق کا دفاع کرنے کیلئے عدالت کے دروازے پراس لیے دستک دی تاکہ میرے حلقہ انتخاب کے لوگوں کو یہ احساس نہ ہو کہ میرے دل میں ان کے ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہے ان کے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے میں خود کئی ماہ تک سماعتوں پر پیش ہوتا رہا ہوں میرا خاندان پشت درپشت اس سرزمین کا محافظ رہا ہے اور ایک محافظ کے ناطے میں نے کوئٹہ کے انہی گلی کوچوں میں اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھی ہے۔