فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ساہیانوالہ کی نجی فیکٹری میں چینی افسر نے مبینہ طور پرمقامی مزدورکوجلتی بھٹی میں دھکا دیدیا۔
فیصل آباد کی نجی فیکٹری میں چینی افسر نے مزدور شہروز کو کام سمجھ نہ آنے پرجلتی بھٹی میں دھکا دیا شہروز کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے چینی افسر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
سی پی او اظہر اکرام نے بتایا کہ چینی شہری کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کریں گے ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او واقعے کی تفتیش کررہے ہیں۔
فیکٹری میں شہروز کے ساتھی مزدوروں نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ چینی شخص فیکٹری میں لیبر انچارج کے عہدے پر تعینات ہے۔
متاثرہ مزدور شہروز نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ چینی افسر نے کرین کا ریموٹ پکڑنے کا کہا مجھے زبان سمجھ نہیں آئی تو اس نے بھٹی میں دھکا دیدیا، ساتھی مزدوروں نے بھٹی سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔
ایس پی طاہر مسعود کے مطابق چینی شہری کو حراست میں لے لیا ہے تاہم ابھی مقدمہ درج نہیں کیا۔ متاثرہ مزدور کے چچا کے مطابق فیکٹری ترجمان کی جانب سے متاثرہ مزدور پر بیان بدلنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔