لاہور میں خود کش حملہ، 3 افراد ہلاک 15 زخمی

234

 پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور  کے مصروف ترین علاقے داتا دربار کے باہر کھڑی پولیس وین کے قریب دھماکے میں تین افراد ہلاک ، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ بدھ کی صبح درگاہ کے باہر مرکزی سڑک پر کھڑی ایلیٹ پولیس فورس کی گاڑی کے نزدیک ہوا۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی واقع میو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حملے میں پولیس موبائل کو ٹارگٹ بنایا گیا۔ حملے میں پولیس کی موبائل مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جب کہ آپس پاس کی کھڑی گاڑیاں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایس ایس پی پولیس لائنز نے خود کش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضا اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔ جائے وقوعہ کو عام افراد کیلئے مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔ حملے میں پولیس وین کا ڈرائیور بچ گیا، جو دھماکے سے چند سکینڈ قبل ہی موبائل سے اتر کر اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالنے کیلئے گیا تھا۔

وزیراعلی پنجاب نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، جب کہ محکمہ داخلہ اور سیکیورٹی حکام سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

یہ ایک حساس علاقہ ہے، جو شہر کے درمیان میں ہے۔ جائے وقوعہ کے آس پاس پولیس کی چوکی بھی قائم ہے، جہاں چالیس سے پچاس کے قریب پولیس کی نفری موجود رہتی ہے۔ علاقے میں اسنائپرز بھی تعینات ہوتے ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

خود کش حملہ آور کی پہچان اور تفتیش کیلئے سیکیورٹی حکام نے سیف سٹی کے لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔