شمالی وزیرستان حملے میں پاکستانی فوج کے 3 اہلکار ہلاک، 7 زخمی

182
File Photo
شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگاتے ہوئے پاکستانی فوج پر حملے کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الوارہ میں 60 سے 70 مسلح افراد نے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے دوران پاکستانی فوج کے اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے حملہ آوروں کو پسپا کردیا اور جوابی کارروائی میں کئی حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران پاکستانی فوج کے تین اہلکار ہلاک بھی ہوئے جن میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغان سیکیورٹی فورسز اور حکام کو سرحد پر کنٹرول مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔