حتمی نتائج کا اعلان، نریندر مودی کی ‘بی جے پی’ کامیاب

152

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی اتحادیوں سے ملاقاتیں جاری ہیں جن میں حکومت سازی کے لیے لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کر لی، یہ اس کی گزشتہ انتخابات سے بھی بڑی کامیابی ہے۔

بھارت میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ حاصل کیں، یوں وہ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

1984 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بی جے پی نے ایوان زیریں کے انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے۔

بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کُل 350 نشستیں حاصل کیں۔

بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس 52 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی، 2014 میں اس نے 44 سیٹیں جیتی تھیں۔

کانگریس کی قیادت میں یونائیٹڈ پروگریسیو الائنس (یو پی اے) مجموعی طور پر 82 حاصل کر سکا۔

کانگریس کے صدر اور وزیر اعظم کے امیدوار راہول گاندھی کو اترپردیش کے حلقے امیٹھی سے اپنی ہی جیتی ہوئی نشست پر بی جے پی کی سمرتی ایرانی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ جنوبی ریاست کیرالا سے جیتنے میں کامیاب رہے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد نریندر مودی نے نئی دہلی میں بی جے پی کے مرکزی دفتر پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی شاندار کامیابی پر سب کو مبارکباد دی اور انتہائی گرم موسم میں ووٹ ڈالنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انتخابات کے حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد یونین کابینہ نے 16ویں لوک سبھا تحلیل کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔