جاپان میں سکول کی طالبات پر چاقو حملہ، 1 طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک

148

جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو کے جنوبی شہر کاواساکی میں ایک شخص نے حملہ چاقو سے وار کر کے 17 لوگوں کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں میں سے ایک شخص اور سکول کی 12 سالہ طالبہ ہلاک ہوگئی ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے سکول بس کا انتظار کررہے تھے کہ ایک شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

ہلاک ہونے والوں میں سکول کی طالبہ اور ایک 39 سالہ شخص شامل ہے جبکہ 18 افراد زخمی ہیں۔ کیوڈو نیوز سائٹ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں سکول کی 16 طالبات شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مشتبہ شخص نے جس کی عمر 50 برس ہو گی، مبینہ طور پر اپنی گردن پر بھی چاقو سے وار کیا ۔ اسے بعد میں حراست میں لے لیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا اور چل بسا۔

کاواساکی کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ منگل کی صبح سات بج کر 44 منٹ پر ایک ایمرجنسی کال آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سکول کی متعدد بچیوں کو چاقو سے مارا گیا ہے۔

ایک سکول بس ڈرائیور نے این ایچ کے کو بتایا کہ انھوں نے مشتبہ شخص کو بچوں کی ایک قطار کی جانب بڑھتے دیکھا تھا جو کاواساکی کے رہائشی علاقے میں پاس کے پرائیوٹ سکول کیریٹاس کی بس میں سوار ہونے کے منتظر تھے۔مقامی نیوز چینل کی فوٹیج میں جائے حادثہ پر ایمرجنسی خدمات کو پہنچتے اور زخمیوں کے علاج کے لیے طبی خیمے قائم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔