بھارتی انتخابات : بی جے پی دوسری مدت کے لیے حکومت بنانے میں کامیاب

182

بھارت میں لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے 7 مراحل میں ہونے والے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادی دوسری مدت کے لیے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

  دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارتی لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا جس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس نے 322 نشستیں حاصل کیں۔

حکمراں جماعت کے مخالف انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس نے 106 نشستیں حاصل کیں جب کہ دیگر جماعتوں نے 112 نشستیں حاصل کیں۔

حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بے جے پی اتحاد نے مطلوبہ تعداد سے زیادہ نشستیں حاصل کرلیں۔

یاد رہے کہ 2014 میں حکومت بنانے والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو 60 نشستیں ملی تھیں