حکام کی یقین دہانی پر بھاگ کو پانی فراہمی کے لیے تادم بھوک ہڑتال مؤخر

251

بھاگ ناڑی کو پانی کی فراہمی کے لیے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ یکم اپریل سے مؤخر کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ کیمپ 28 مارچ سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگایا گیا تھا۔

سوموار کے روز سینیٹر منظور کاکڑ اور محکمہ پی ایچ ای کے سیکریٹری و دیگر حکام نے کیمپ کا دورہ کیا۔ احتجاج پہ بیٹھے نوجوانوں کے مسائل سنے اور ان کے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ان کے حل کی تحریری یقین دہانی کروائی، جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ حکام کی تحریری یقین دہانی پر اعتبار کرتے ہوئے احتجاج مؤخر کر رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے توسط سے انہیں ان کے وعدے یاد دلائے جاتے رہیں گے، ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں کا پاس رکھیں گے اور عوام کے جائز مسائل کو حل کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہوا اور بھاگ کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہو سکا تو احتجاج جاری رکھنے کا حق رکھتے ہیں۔