کیوی ٹیم کے گول کیپر بھی کرائسٹ چرچ حملے میں جانبحق

122
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کی قومی فٹسل ٹیم کے گول کیپر عطا الیان بھی کرائسٹ چرچ حملے میں جانبحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی کرائسٹ چرچ واقعے میں عطا الیان کی جانبحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

عطا الیان نیوزی لینڈ کی قومی فٹسل ٹیم کے گول کیپر تھے جنہوں نے 19 انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے جب کہ وہ ساتھ ہی مقامی اسکول کی فٹسل ٹیم کے کوچ بھی تھے اور وہ مین لینڈ کلب سے منسلک تھے۔

جانبحق فٹبالر 2014 میں نیوزی لینڈ کی فٹسل ٹیم کے سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

جانبحق فٹبالر کا آبائی تعلق فلسطین سے تھا تاہم والدین کی ہجرت کے باعث ان کی پیدائش کویت کی تھی اور ان دنوں وہ سافٹ ایئر کمپنی بھی چلا رہے تھے جب کہ  ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک ننھی بیٹی شامل ہیں۔

عطا الیان کے ساتھیوں نے کرائسٹ چرچ دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے جائے وقوعہ پر پھول رکھ کر اپنے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

عطا الیان کے ساتھی فٹبالر اس موقع پر انہیں یاد کرکے ضبط نہ کرسکے اور زاروقطار روتے رہے۔

مین لینڈ فٹبال فیڈریشن نے عطا الیان سمیت کلب سے جڑے 3 فٹبالرز کی جانبحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 24 سالہ طارق عمر اور 14 سالہ سید میلین شامل ہیں۔

خیال رہے کہ فٹسل کا شمار انڈور گیمز میں کیا جاتا ہے جو کہ فٹبال کی طرز کا کھیل ہے جس میں ہر ٹیم میں 5 کھلاڑی شامل ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں 50 افراد جانبحق اور درجنوں  زخمی ہوئے تھے۔