سالوں سے لاپتہ مہرگل مری کی بازیابی کے لیے لواحقین کا احتجاج
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آج بروز ہفتہ پریس کلب کے سامنے جبری طور پر لاپتہ مہرگل مری کی بازیابی کے لیے لواحقین کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
مہرگل مری کے لواحقین جن میں خواتین و بچے شامل تھے، ان کے تصاویر اٹھاکر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے شدید سردی اور بارش میں ان کی بازیابی کیلئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
یاد رہے مہر گل مری ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ہے جنہیں 2015 کو جبری طور پراغواء کیا گیا تھا جو تاحال لاپتہ ہے، ان کے لواحقین کے مطابق مہر گل مری کو ریاستی فورسز و خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے لاپتہ کیا ہے جبکہ ان کے بازیابی کے حوالے سے اعلیٰ حکام کے پاس گئے ہیں اور ملک کے اعلیٰ ادارے کے سربراہ کو خط بھی لکھا جاچکا ہے لیکن تاحال ان کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی۔
واضح رہے مہرگل مری کے لواحقین اس سے قبل بھی ان کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کرچکے ہیں۔