کالعدم تنظیموں کو وزیرداخلہ کی پشت پناہی حاصل ہے- پیپلز پارٹی

125

کوئٹہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلندخان جوگیزئی نے کہاہے کہ کالعدم تنظیموں کو وفاقی وزیر داخلہ کی پشت پنائی حاصل ہے، 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے میں ساتھ نہ دینے پر حکومت پارٹی قائدین کیخلاف انتقامی کاروائیاں کررہی ہے ۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ آصف زرداری کا مقدمہ بینکنگ کورٹ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرکے حکومت نے اپنی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے وزارت خزانہ منصوبہ بندی سمیت دیگر اہم وزارتیں نااہل لوگوں کو دیکر پاکستان کو معاشی عدم استحکام کی جانب لے جایا جارہا ہے ۔

گذشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار سربلند جوگیزئی نے مزید کہا کہ پاکستان کے پہلے آئین ساز اسمبلی کے اسپیکر کواسلام آباد سے گرفتار کرکے چادر اور چاردیواری کے تقد س کو پامال کرتے ہوئے آغاسراج درانی کے گھر میں خواتین اور بچوں کیساتھ جو روایہ اختیار کیا وہ ذاتیات پر مبنی اور قابل مذمت ہے آغاسراج درانی آباؤاجداد سے موروثی جائیدادوں کے مالک ہیں ۔

اگرحکومت نے پھر بھی کارروائی کرنی ہے تو ان لوگوں کیخلاف کیوں نہیں کررہی جو سب جانتے ہیں کہ کل ان کا کیا بیک گراؤنڈت ھاآج وہ جائیدادوں کے مالک بن گئے ہیں ان کیخلاف کیوں ایکشن نہیں لیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کیخلاف حکومت کا ساتھ نہ دینے کا واضح موقف اختیار کیا ہے جس کی پاداش میں سندھ اسمبلی کے اراکین اور پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف حکومت نیب کو استعمال کرکے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے اٹھارویں ترمیم سے بلوچستان اور سندھ سمیت تمام صوبوں کو ان کے آئینی حقوق ملے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے بنایا گیا تھا مگر بدقسمتی سے نیب کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ روز ایک بریگیڈیئر نے اپنی بدنامی کی ڈر سے خودکشی کی ہے کیونکہ وہ ایک ڈائریکٹر رہ چکے تھے سندھ حکومت چادروچار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے نیب افسران کیخلاف مقدمہ درج کرائے 2018ء کے انتخابات سے قبل بلند وبانگ دعو ے کرنے والے امداد کیلئے ہاتھ پھیلار ہے ہیں اگر یہی حال رہا تو جون تک حکومت کے پاس ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے پیسے نہیں ہونگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں کو وقاقی کابینہ میں شامل وزراء کی سپورٹ حاصل ہے جس کی زندہ مثال وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریا ر آفریدی کا کالعدم تنظیموں سے روابط اور ان کے دفاع میں کھڑا ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں اداروں کو شفاف طریقے سے نہیں چلایا جائیگا اس وقت تک پاکستان کی معاشی اور اقتصادی حالت درست نہیں ہوگی ۔