ڈی آئی خان میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، 3 افراد زخمی

188

ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل پرووا میں پولیس وین میں ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جس کے دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی خان کے ضلعی پولیس افسر سلیم ریاض کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے ملنے والا پرووا کے علاقے میں پولیس وین معمول کی پیٹرولنگ کر رہی تھی کہ سائیکل پر لگا بم پھٹا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں سب انسپیکٹر سمیت دو پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او ریاض کا کہنا تھا کہ آئی ای ڈی میں 8 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا جسے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو حراست میں لینے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔