پشتون قبائل پاکستان کی حمایت میں ریلی نکالنے سے گریز کریں – تحریک طالبان پاکستان

497
فائل فوٹو

 تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پشتونوں بالخصوص  قبائلی علاقوں کے رہائشیوں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی سے دور رہنے اور پاکستان کے لیے حمایت کا اظہار نہ کرنے کے لیے کہا ہے۔

 تنظیم نے انٹرنیٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں پشتونوں بالخصوص قبائل سے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے قوم اور ملک پر جنگیں مسلط کر رکھی ہیں اور ان جنگوں میں پشتون قوم اور بالخصوص قبائل کو قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج بھارت کے ساتھ محاذ پر قوم کے سپوتوں کو بطور نذرانہ پیش کرنے کا ارادہ کیے ہوئے ہے اور اس صورتِ حال میں پشتون قوم اور بالخصوص قبائل کو محتاط رہنا چاہیے۔

 تنظیم نے بیان میں قبائل کو دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان کی فوج کی حمایت میں نعرے لگانے اور ریلیاں نکالنے سے باز رہیں ورنہ اس کا نتیجہ بہتر نہیں ہو گا۔

بیان میں قبائل سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں امن کمیٹیاں نہ بنائیں اور اس کشیدگی کے دوران پاکستانی فوج کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔

بیان میں  ٹی ٹی پی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پاکستان اپنی فوج کو بچا کر قبائل کو بھارت سے لڑانا چاہتا ہے۔ جب کہ بیان کے مطابق قبائل کی اصل دشمن پاکستان کی فوج ہے۔