نصیر آباد: فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد قتل

110

پولیس تھانہ بابا کوٹ کی حدود میں خاتون کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا گیا – پولیس

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت چار افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ دونوں واقعات میں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

پولیس کے مطابق نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ بابا کوٹ کی حدود نیو، میر واہ کے قریب سیاہ کاری کے الزام میں ایک عورت(ن) اور اس کے مبینہ آشنا ثنااللہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اورملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔

دوسرا واقعہ نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود گوٹھ گل محمد کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ سے 2 افراد ساجد اور ارشاد علی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اورملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔