بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں مجالس قائمہ کی تکمیل سے ایک اور جمہوری مرحلہ خوش اسلوبی اور اتفاق رائے سے تشکیل پا گیا ہے جس پر تمام ارکان اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں اس عمل کی تکمیل سے صوبے میں قانون سازی کے عمل میں مزید بہتری آئیگی ۔
یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ مجالس قائمہ اسمبلی کا اہم جز ہیں جن سے اصلاحات اور قانون سازی کے عمل میں معاونت ملتی ہے ساتھ ہی ایوان کو مختلف محکموں کی کارکردگی چانچنے میں بھی آسانی اور ان محکموں کے حکام سے براہ راست رابطے میں سہولت مہیا ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ مجالس قائمہ ایوان اور جمہوریت کا حسن ہیں حکومت نے قوانین میں بہتری اور اصلاحات لانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے مجالس قائمہ کی تشکیل سے اس سلسلے میں مزید بہتری اور تیزی آئیگی ساتھ ہی ہم صوبے کے لئے بہتر قانون سازی کرنے میں بھی کامیاب ہونگے ،قائد ایوان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت دیگر مجالس قائمہ کے اتفاق رائے سے قانون سازی کے عمل کو آگے لیکر چلنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔