مردان میں تشدد کے بعد قتل کی جانے والی پشتو اداکارہ لبنی گلالئی کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کو پسند کرنے والے نواب نامی شخص نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
دو روز قبل پشتو ڈراموں کی اداکارہ لبنیٰ عرف گلالئی کی لاش مردان کے علاقے چمڈھیری سے ملی تھی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق گلالئی پر تشدد کرنے کے بعد اس کا گلہ دبا کر قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لبنیٰ کی بہن کی مدعیت میں تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں نواب نامی شخص نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لبنیٰ گلالئی کو پسند کرتا تھا اور اس کے لیے اس نے مردان شیخ ملتون میں ایک گھر خرید کر دیا تھا جب کہ کراچی میں بھی کرائے پر ایک مکان لے کر دیا تھا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ اداکارہ لبنیٰ اس کے ساتھ بے وفائی کر رہی تھی اور اس نے دیگر افراد کے ساتھ بھی دوستیاں کر رکھی تھیں۔
اس کے علاوہ ملزم کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے اس کی بہنوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر شیئر کی تھی جس پر وہ طیش میں آیا اور اسے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔