لورالائی: پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما ارمان لونی پولیس تشدد سے جانبحق

378

ارمان لونی کو پولیس تشدد کا نشانہ بننے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ جانبحق ہوئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما ارمان لونی پولیس تشدد سے جانبحق ہوگئے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماوں نے سوشل میڈیا پر ان کے جانبحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارمان لونی کو لورالائی میں پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا جنہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبحق ہوگئے۔

ارمان لونی پشتون تحفظ موومنت کے کور کمیٹی کے ممبر تھے اور وہ گذشتہ دنوں لورالائی میں ہونے والے حملوں کیخلاف لورالائی میں مسلسل احتجاج کررہے تھے۔

دوسری جانب واقعے کے بعد پی ٹی ایم کارکنان اور رہنماوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا جبکہ مختلف شہروں میں مظاہروں کا اعلان کیا جارہا ہے۔

یاد رہے دو دن قبل کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھی پی ٹی ایم کے احتجاجی مظاہرے پر فورسز کی جانب سے لاٹھی چار کی گئی اور آنسو گیس فائر کیئے گئے جبکہ اس دوران پی ٹی ایم کے پانچ کارکنان بھی گرفتار کیئے گئے تھے۔