بلوچستان: کیچ کے مختلف علاقوں میں 4 سال سے فور جی انٹرنیٹ معطل ہے

282

پچھلے چار سالوں سے فور جی انٹرنیٹ ڈیٹا معطل ہے جبکہ پچھلے 4 دنوں سے تربت سمیت ضلع کیچ بھر کے پی ٹی سی ایل فون لائن اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تربت سمیت ضلع کیچ میں پچھلے چار سالوں سے فور جی انٹرنیٹ ڈیٹا معطل ہے جبکہ پچھلے 4 دنوں سے تربت سمیت ضلع کیچ بھر کے پی ٹی سی ایل فون لائن اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے صارفین پریشانی اور مشکلات کاشکار ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے نام پر ہمیں اذیت دیا جارہا ہے، پچھلے مہینے سسٹم اپ گریڈ کیا گیا تھا لیکن سروس میں کوئی بہتری نہیں ہے۔ حکومت تربت میں پچھلے 4 سالوں سے بند فورجی انٹرنیٹ سروس کوبحال کرکے پی ٹی سی ایل کی ناقص سروس سے نجات دلائے۔

تربت میں انٹر نیٹ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے علاقے میں نہ صرف مالیاتی اداروں کو بڑے پیمانے پر خسارے کا سامنا ہے بلکہ اس سہولت کی ناپیدگی سے طلبہ و طالبات اور دیگر عام لوگوں کو بھی بد ترین مسائل درپیش ہیں۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ تربت میں پی ٹی سی ایل کی ڈی ایس ایل سروس لوگوں کو سہولت دینے کی بجائے لوگوں کیلئے وبال بن گئی ہے اور اس سروس کے ذریعے بل کے نام پر صارفین سے جتنی رقم بٹوری جارہی ہے اس رقم کے عوض لوگوں کو سروس فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔

پی ٹی سی ایل تربت کے مصدقہ ذرائع کے مطابق تربت میں ڈی ایس ایل سروس کی ناکامی کی بنیادی وجہ ادارے کے ارباب اختیار کا یہاں کے مسائل سے عدم دلچسپی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ٹیلی فون کیبلز 1992 کی بچھی ہوئی ہیں جنہیں تا حال تبدیل نہیں کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے تربت میں معمولی بارش اور تیز ہوا سروس کو متاثر کرتی ہے اور لوگوں کو اچھی سروس کی فراہمی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے ۔