بلوچستان میں خشک سالی کے باعث لوگ نقل مکانی کررہے ہیں – صادق سنجرانی

243

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی خشک سالی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے اور لوگ اندرون صوبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ سماجی تنظیمیں ، حکومتی مشینری اور فلاحی اداروں کی معاونت سے ایسے علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بات جمعرات کو سینیٹر ثنا جمالی کی سربراہی میں قومی وبین الاقوامی فلاحی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ چیئر مین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً چاغی اور اس سے ملحقہ علاقہ جات میں پانی کے ذخائر اور خاص طور پر زیر زمین پانی ناپید ہوتا جارہا ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اور حکومتی سرپرستی میں ایسے منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جہاں پانی کے ذخائر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے وہاں عوامی سطح پر بھی شعور اجاگر کیا جائے تاکہ پانی کے منصفانہ استعمال کے ذریعے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر اکثر ممالک کو ایسی صورتحال درپیش رہی ہے لیکن عملی اقدامات ، ٹھوس پالیسی سازی اور بہتر رابطہ کاری کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا گیا ہے اور ہم ان ملکوں کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

دریں اثناء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت بلوچستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور کاروباری نقل و حمل میں تیزی آئیگی جس کیلئے مواصلاتی نظام ،خاص طور پر ریلوے لائنز کو بہتر کیا جانا ضروری ہے تاکہ کاروباری مقاصد کیلئے موثر نظام میسر ہو۔چیئرمین سینیٹ نے یہ بات جمعرات کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں بلوچستان خصوصاًچاغی میں ریلوے لائن کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک کی بدولت بلوچستان میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور کاروباری نقل و حمل میں تیزی آئے گی جس کیلئے ضروری ہے کہ مواصلاتی نظام اور خاص طور پر ریلوے لائنز کو بہتر کیا جائے تاکہ کاروباری مقاصد کیلئے ایک موثر نظام میسر ہو۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے راستے زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران سفر کرتی ہے اور ان زائرین کیلئے ہائی سپیڈ ٹرین انتہائی ضروری ہے تاکہ زائرین کو اچھی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

چیئرمین سینیٹ نے چاغی ریلوے لائن کو ڈبل کرنے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ سامان کی ترسیل کیلئے بھی کارگو ٹرینوں کا انتظام انتہائی ضروری ہے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے چیئرمین سینیٹ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ حکومت بلوچستان کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ بلوچستان اور خصوصاً چاغی ریلوے ٹریک کو مزید بہتر کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت ہو۔