بلوچستان: ارمان لونی کے قتل کے خلاف مختلف علاقوں میں شٹرڈاون ہڑتال

215

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ارمان لونی  کے پولیس کے ہاتھوں بہیمانہ قتل  کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال جاری

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء ارمان لونی کے قتل کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

شٹرڈاؤن ہڑتال کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لورالائی، کان مہترزئی، برشور، خانوزئی سمیت دیگر اضلاع میں آل پارٹیز، انجمن تاجران اور لیبر تنظیموں کی جانب سے کی جارہی ہے۔

واضح رہے گذشتہ روز پشتونخوامیپ نے لورالائی میں پی ٹی ایم رہنماء کے قتل کیخلاف کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا جبکہ نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے ہڑتال کے حمایت کی ہے۔

نیشنل پارٹی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لورالائی میں پولیس کے ہاتھوں پشتون نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ لورالائی میں مسلسل دلخراش واقعات رونما ہورہے ہیں اور ان واقعات کے خلاف احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن احتجاج کے دوران نوجوان کی ہلاکت حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

ہڑتال کے باعث ہر قسم کے کاروباری مراکز بند ہونے سے شہریوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔