ایران کے جنگی طیارے پاکستانی سرحد کیساتھ تعینات

857

ایران نے پاکستان کی سرحد کیساتھ جنگی طیارے تعینات کر دیئے، طیاروں کی تعیناتی پاسدارن انقلاب کے سپہ سالار جنرل محمد جعفری کی پاکستان کو جنگ کی دھمکی دینے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے پاکستان کے ساتھ سرحدی علاقے پر اپنے جنگی طیارے تعینات کر دیے ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنگی طیاروں کی تعیناتی پاسدارن انقلاب کے سپہ سالار جنرل محمد جعفری کی پاکستان کو جنگ کی دھمکی دینے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے پاکستان کی سرحد سے ملحقہ چاہ بہار میں 10 ٹی ایف بیس پر جنگی طیارے تعینات کیے ہیں۔ کچھ ہی دن میں ایرانی فضائیہ بھارتی فضائیہ سے مشترکہ جنگی مشقوں کا ارادہ رکھتی ہے۔

رواں مہینے میں ایران کے علاقے خاش زاہدان (مغربی بلوچستان) میں سپاہ پاسداران کے بس پر ایک خودکش حملہ ہوا تھا۔ حملے میں پاسدرانِ انقلاب کے تقریباً 27 اہلکار ہلاک اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

دہشت گرد تنظیم جیش العدل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حملے کے بعد ایران نے الزام عائد کیا کہ حالیہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی پاکستان کی حدود میں ہوئی ہے اور پاکستانی حکومت کو اس حملے کا جواب دینا ہو گا۔