کوئٹہ: کیسکو کی کھلی کچہری، شکایات کے انبار لگ گئے

590

مسائل کے حل کیلئے جلد ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے – کیسکو حکام

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔

کھلی کچہری کا انعقاد وفاقی وزارت پانی و بجلی کی ہدایت پر کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شہریوں نے بجلی کے بھاری بلوں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، وولٹیج میں کمی بیشی، بجلی کے میٹر اتارنے، ٹرانسفارمر جلنے اور لائنوں کی ٹرپنگ کے متعلق شکایات کے انبار لگا دئیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ کیسکو کا عملہ ان کی شکایات کے ازالے کیلئے تعاون نہیں کرتا، اضافی لوڈشیڈنگ، بھاری بلوں کی شکایت، ٹرانسفارمرو کی اوور لوڈنگ کی شکایات لیکر جائیں تو کیسکو کا عملہ تعاون کی بجائے تلخ کلامی کرتا ہے اور معمولی بارش کے دوران شہر کے فیڈر ٹرپ کر جاتے ہیں جبکہ شکایات کے لئے فون کریں تو کیسکو کی لائنیں مصروف ملتی ہیں۔

کچہری میں موجود سینٹرل افسر سید نبی گل سمیت دیگر حکام نے کہا کہ وسائل،افرادی قوت کی کمی اور شہریوں کے عدم تعاون کی وجہ سے مسائل درپیش ہیں۔ کھلی کچہری شکایات کے ازالے ہی کیلئے منعقد کی گئی ہے اور مسائل کے حل کیلئے جلد ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے۔

دریں اثناء کیسکو میں غیر قانونی بھرتیوں پر نیب بلوچستان نے سابق ایم ڈی پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی طاہر بشارت چیمہ، سابق وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق سی ای او کیسکو شفیع خٹک و دیگر  کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے کیسکو میں سال 2009-10 میں 284 غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ جس پر بلوچستان ہائی کورٹ نے نیب کو تحقیقات کا حکم دیا۔

نیب نے تحقیقات مکمل کر کے ملزمان کے خلاف ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔