کوئٹہ و مستونگ میں حادثات ،4 افراد جانبحق 4 زخمی

152

کوئٹہ اور مستونگ میں مختلف حادثات میں 2 طلبہ سمیت 4 افراد جانبحق ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع مستونگ میں پیش آنے والے حادثات میں دو طلبہ سمیت چار افراد جانبحق اور چار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پشتون آباد مدرسے میں کلاشنکوف کے گولی چلنے سے دو طالب علم جاں بحق ہوگئے۔

جانبحق ہونے والوں میں 18 سالہ حافظ عبد الرازق ولد عبداللہ اور 14 سالہ رشید ولد شیر محمد قوم اچکزئی سنکہ پشتون آباد شامل ہے۔

دریں اثناء ضلع مستونگ میں ولی خان بائی پاس پر آئل ٹینکر اور مزدا ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جانبحق اور چار زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ‏حادثے کے بعد آئل ٹینکر سے پیٹرول بہنے لگا جس کے باعث سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔