ژوب: مغوی ڈاکٹر کی عدم بازیابی کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج

190

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سے گذشہ ماہ اغواء ہونے والے ڈاکٹر ابراہیم خلیل شیخ کی عدم بازیابی کے خلاف ژوب میں ڈاکٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال ژوب کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس نے ڈاکٹر ابرہیم خلیل کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، قبل ازیں ریلی بھی نکالی گئی-

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سرجن ڈاکٹر شیخ نصیب اللہ مندوخیل، ڈاکٹر نعمت اللہ، ڈاکٹر شاہ زیب مندوخیل، محبت خان شیرانی، محمد اختر اور دیگر نے کوئٹہ سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی تاحال عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرابراہیم خلیل کی عدم بازیابی سے صوبے بھر کے ڈاکٹروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، مغوی ڈاکٹر کی تاحال عدم بازیابی صوبائی حکومت کی نااہلی ہے-

مقررین نے وفاقی حکومت سے مغوی ڈاکٹر کی بازیابی اور ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال کا سلسلہ بازیابی تک جاری رہیگا-

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سمیت ہر شہری کو تحفظ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر یہاں حالات بلکل اس کے برعکس ہے ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مغوی ڈاکٹر کی باحفاظت بازیابی اور ڈاکٹروں کو تحفظ فراہمی کو یقینی بنائے ورنہ احتجاجی تحریک کو وسعت دینے پر مجبور ہونگے-