نوشکی: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج

269

قادر آباد کے عوامی حلقوں نے وولٹیج کی کمی اور بار بار بجلی کی ٹرپنگ کے خلاف میر گل خان نصیر چوک پر احتجاج کیا –

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی شہر سمیت دیہی علاقوں میں بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اور وولٹیج کی کمی کے خلاف اہلیان کلی قادر آباد و عوامی حلقوں کی جانب سے میرگل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں حکومت اور کیسکو حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی-

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوے نذیر بلوچ، مولوی محمد قاسم مینگل، میر محمد ایوب بادینی، ظہور زیب اور سلیم ساحل نے کہا کہ گذشتہ طویل عرصہ سے نوشکی بازار کلی قادر آباد سمیت ضلع بھر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیساتھ ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہیں، شدید سردی میں بجلی کی بندش سے گھروں میں خواتین و بچوں اور خاص کر مریضوں اور طلبہ کو سخت مشکلات درپیش ہیں جبکہ دوسری جانب کاروباری حضرات اور زمینداروں کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کی نا اہلی کی وجہ سے نوشکی میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت چندہ کرکے کلیوں کے لیے ٹرانسفارمر خرید رہے ہیں جو حکومت اور متعلقہ حکام کے لیے باعث شرم ہے-

مقررین نے کیسکو حکام کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، آنکھ مچولی اور وولٹیج کی کمی کو ختم نہ کیا گیا تو نوشکی کے عوامی حلقے سیاسی و سماجی تنظیمیں ملکر غیر معینہ مدت تک کے لیے واپڈا گریڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کرینگے کیونکہ سو فیصد بل جمع کرنے کے باوجود عوام کو بجلی فراہم نہ کرنا ناقابل برداشت عمل ہے۔