مغوی ڈاکٹر کی رہائی پانچ کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کے بدلے ہوئی ہے – ڈاکٹر ایکشن کمیٹی

116

کوئٹہ سے تیرہ دسمبر کو اغواء ہونےوالے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل شیخ اڑتالیس دنوں بعد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے،زندہ سلامت گھر پہنچنے پر اہلخانہ انتہائی خوش،مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

مغوی ڈاکٹر کی واپسی پر ڈاکٹرز ایکشن  کمیٹی بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر ظاہر خان مندوخیل نے انکشاف کیا  کہ مغوی ڈاکٹر کی رہائی پانچ کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کے بدلے ہوئی ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ مغوی ڈاکٹر کو پانچ کروڑ کے لگ بھگ تاوان دے کر چھوڑا گیا ہے،حکومت سمیت کسی نے کوئی رول ادا نہیں کیا۔ ہم اس پر سخت ناراض اور پریشان ہیں،ہماری ڈاکٹرز برادری ابھی تک پرسکون نہیں ہوئی اور ہمیں ابھی تک کوئی سیکورٹی پلان بھی نہیں دیا گیا۔

ڈاکٹرایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اغواء کاروں نے ابراہیم خلیل کو چمن میں نہیں بلکہ کراچی میں چھوڑاجب کہ دوران قید انھیں شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

ڈاکٹرزایکشن کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ سے جاری سرکاری اہسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائیگا۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ڈاکٹرز کی سیکورٹی کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔