خضدار: شہر کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے کا سرچ آپریشن

265
File Photo

سرچ آپریشن کے دوران درجنوں گھروں کی جامع تلاشی، تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آج بلوچستان کے ضلع خضدار میں فورسز کی جانب سے شہر میں ایک وسیع پیمانے کا سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران درجنوں گھروں کی جامع تلاشی لی گئی اور کئی علاقوں کی مکمل ناکہ بندی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آپریشن کا آغاز علی الصبح 6 بجے سے ہوا، جو دوپہرا 12 بجے تک جاری رہا، اس دوران نیو اڈہ سے لیکر کھنڈ تک کے علاقوں کو مکمل سِیل کیا گیا اور آمد و رفت کے تمام راستے بند کیئے گئے۔ گھر گھر تلاشی کی دوران، قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم مصدقہ ذرائع سے ابتک کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ آپریشن میں بھاری تعداد میں آرمی اہلکار، پیراملٹری فورس فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کے علاوہ سِول کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی موجود تھے۔

یاد رہے گذشتہ ہفتے خضدار شہر کے ہی علاقے جعفر آباد میں بھی اسی پیمانے کا سرچ آپریشن کیا گیا تھا، جس کے دوران شہریوں پر تشدد اور گھروں سے قیمتی سامان کے لوٹ مار کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔۔