حکومت مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے – ڈاکٹر ایکشن کمیٹی

104

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کے بجائے حکومت ڈاکٹروں کو احتجاج جیسے بنیادی حق سے بھی محروم کرنے کی کوشش کررہا ہے -ڈاکٹر رحیم خان بابر

ڈاکٹرزایکشن کمیٹی کے پریس سیکرٹری ڈاکٹررحیم خان بابر کے جاری کردہ پریس ریلیز کی مطابق حکومت مغوی پروفیسر ڈاکٹرابراہیم خلیل کی بازیابی کے حوالے سے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے اور اس سنگین مسئلے سے توجہ ہٹانے کیلئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور بجائے اس کے کہ ڈاکٹرابراہیم خلیل کی باحفاظت بازیابی اور ڈاکٹروں کو صوبے میں معالجہ کیلئے ایک پرامن ماحول کا قیام یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات اٹھایا جائے لیکن حکومت وقت ڈاکٹر برادری کو احتجاج جیسے بنیادی حق سے بھی محروم کررہی ہے جوکہ انسانی حقوق کے خلاف ہے جس کی ڈاکٹرزایکشن کمیٹی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے-

رحیم خان بابر نے کہا کہ ڈاکٹرزایکشن کمیٹی انسانی حقوق کی تنظیموں، وکلا برادری، تاجروں،اساتذہ سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی راہنماوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس سنگین مسئلے کو اٹھانے اور حکومت وقت کی اس غیر ذمہ دارانہ طرزعمل کے خلاف ہماری آواز بنیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹرزایکشن کمیٹی حکومت وقت کو واضع الفاظ میں یہ بتادینا چاہتی ہے کہ مغوی پروفیسرڈاکٹرابراہیم خلیل کی باحفاظت بازیابی اور صوبے کے ڈاکٹروں کیلئے ایک اطمینان بخش سیکورٹی پلان کی تشکیل تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔حکومت وقت کسی بھی صورت عدم تحفظ کے شکار ڈاکٹروں کو احتجاج کے بنیادی حق سے محروم نہیں کرسکتی تمام ڈاکٹروں کو تاکید کی جاتی ہے کہ احتجاج بدستور جاری ہے

ڈاکٹرزایکشن کمیٹی کے پریس سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت وقت کی جانب سے موجودہ بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ طرزعمل اگر برقرار رہا تو جلد ہی صوبے کے تمام ہسپتالوں بشمول ضلعی ہیڈکوارٹرز رورل ہیلتھ سینٹرز اور بیسک ہیلتھ یونٹس میں مکمل شٹ ڈاون کے اعلان پر مجبور ہوں گے۔