افغانستان : میدان وردک حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 126 تک پہنچ گئی

375

افغان دارالحکومت کابل کے قریبی صوبے میدان وردک میں طالبان کے میں افغان خفیہ ادارے اور پولیس اہلکاروں سمیت 126 افراد جانبحق ہوئیں ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق طالبان شدت پسندوں نے  بارود سے بھری  ایک گاڑی  میدان وردک میں نیشنل ڈائریکٹوریٹ فار سیکورٹی کے تربیتی مرکز میں لے جا کر دھماکہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد  مسلح شدت پسند وہاں پہنچے جنہوں نے سیکورٹی تنصیب کے اندر جا کر باقی ماندہ تمام افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

نیوز ایجنسی کے مطابق کابل میں وزارت دفاع کے ایک سینیر عہدے دار نے اپنا نام پوشیدہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ہمیں فوجی تربیتی مرکز میں دھماکے میں 126 لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 8 سپیشل کمانڈوز بھی شامل تھے۔

مقامی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حملے میں بڑی تعداد میں فوجی اور این ڈی ایس کے اہل کار ہلاک ہوئے، لیکن ابھی تک سرکاری طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اس حملے کی اطلاعات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب افغان طالبان کا ایک وفد دوحا میں امریکی وفد سے افغانستان کے تنازع کے حل کے لیے دو روزہ مذاکرات کر رہا ہے۔ امریکی وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی برائے افغان امن اور مصالحت زلمے خلیل زاد کر رہے ہیں۔